پٹنہ25مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو یادو کا کہنا ہے کہ ہم سیاسی انتقام پرکچھ نہیں بولتے۔ بدھ کو ان کی بڑی بیٹی اور راجیہ سبھا ممبرپارلیمنٹ میسا بھارتی اور ان کے شوہر شیلیش کمار کو انکم ٹیکس محکمہ کی طرف سے پوچھ گچھ کے لئے بلائے جانے کی خبر کے بعدلالو یادو نے آج دہلی روانہ ہونے سے پہلے یہ ردعمل ظاہرکیا۔ لالو اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں حصہ لینے کے لئے دہلی گئے ہیں۔ لالو کے موقف سے واضح ہے کہ وہ میسا اور ان کے شوہر کے خلاف محکمہ انکم ٹیکس کے معاملے پر کچھ بولنا نہیں چاہتے۔ اگرچہ انہوں نے یہ اشارہ بھی دے دیا کہ انکم ٹیکس کے نوٹس کو بھی اپنی سیاست کے لئے استعمال کرنے سے انہیں گریز نہیں ہے۔ ادھر میسا اور شیلیش فی الحال اس معاملے پر میڈیا سے کچھ بھی بات کرنے سے بچ رہے ہیں۔غور طلب ہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ طلب کی ہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اس میٹنگ میں حصہ نہیں لے رہے۔جے ڈی یو کے شرد یادو اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔لالو نے دہلی جانے سے پہلے ایک بار پھر یہ بیان دیاکہ وہ مہاگٹھ بندھن کے بڑے بھائی ہیں۔ جنتا دل یونائٹیڈ اور اس قومی صدر نتیش کمار کو اس رخ پر خاصا اعتراض رہا ہے کہ عوامی پلیٹ فارم سے لالو ہو یا تیجسوی، وہ آخر یہ کیوں جتانے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ اتحاد میں بڑے بھائی ہیں۔ اگرچہ لالویادو کو بھی اس بات کا اندازہ ہے کہ نتیش اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کو ان کے اس طرح کے بیان سے برالگتاہے۔ لیکن جنتا دل یونائٹیڈ کے رہنماؤں کا خیال ہے کہ دراصل لالو ایسے بیان دے کر انتظامی حکام پر اپنی دھاک جمائے رکھناچاہتے ہیں۔